سرور اور ترقی کی دنیا
مقدمہ
اس بلاگ پوسٹ میں ہم جانیں گیں کہ سرور (Server)
کیا ہوتا ہے، کیسے کام کرتا ہے، ایک سرور بنتا کیسے ہے، کس طریقہ سے سرور کو برقرار رکھا جاتا ہے، اس کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے اور آج کے اس جدید دور میں سرور کا کتنا بڑا کردار ہے؟؟؟
اگر کسی بڑی کمپنی کا سرور بند ہو جائے جیسے (گوگل Google)، (مائکروسوفٹ MicroSoft) وغیرہ کا چاہے کچھ منٹوں کے لیے ہی، تو آدھی سے زائد دنیا کے کام ٹھپ پڑ جائیں، اس سے آپ اندازہ لگائیں ہم کس حد تک سرور پر منحصر ہو گئے ہیں۔
اب آپ کو خیال آئے گا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ صرف سرور کے بند ہو جانے یا بگڑ جانے سے آدھی سے زائد دنیا کے کام ٹھپ پڑ جائیں گے؟؟ ہم نے سرور کو کبھی دیکھا ہی نہیں نہ ہم اسے چلاتے ہیں، تو اس کے بگڑنے نہ بگڑنے سے ہمارا کیا فائدہ یا نقصان؟؟
جی بالکل، آپ نے ٹھیک سمجھا، آپ سرور کو چلاتے ہیں نہ آپ نے سرور کو دیکھا ہے، لیکن آپ کو اس بات کا یقین کرنا ہوگا کہ آپ کی آن لائن زندگی سو فیصد سرور پر منحصر ہے۔
آیئے تفصیل سےسمجھاتا ہوں۔
سرور کیا ہے؟؟
سرور لفظ «serve» سے بنا ہے جس کے اردو معنی ہیں «خدمت»، اسے یوں سمجھیں جیسے آپ اور میں چائے پینے کسی چائے کے ہوٹل پر گئے اور وہاں آپ نے دو چائے کا آرڈر دیا اور اس کے بعد ہم ٹھاٹ سے جا کر ایک جگہ بیٹھ گئے، کچھ دیر بعد ہمارے پاس وہاں کام کرنے والا ایک شخص ہماری چائے لے کر آئے گا، یعنی وہ ہمیں چائے سرو (serve) کرے گا۔
اب اسے کمپیوٹر کی زبان میں سمجھیں، ہم نے چائے کا حکم دیا یعنی ہم کلائنٹ (Client) ہوئے اور جس نے ہمیں ہمارا کام مکمل کر کے دیا اسے (server) سرور کہیں گے۔
جب آپ کسی لنک پر کلک کرتے ہیں یا اپنے براؤزر (Browser) میں کسی لنک کو ڈالتے ہیں، تو جس لنک پر آپ نے کلک کیا ہے، وہ ایک سرور کا پتہ ہے، جہاں وہ سرور اس لنک سے آئی تمام ریکوسٹ (Request) کا انتظار کر رہا ہوتا ہے اور جیسے ہی اس لنک کے ذریعہ اس سرور تک کوئی ریکویسٹ پہنچتی ہے وہ فوراً ہی اس پر عملدرآمد شروع کر دیتا ہے، یعنی اس لنک کے ذریعہ سرور کو جس کام کا حکم دیا جاتا ہے، وہ اسے مکمل کرنے کے لیے نکل جاتا ہے۔
جیسے آپ اپنے سرور سائبر محافظ cybermuhafiz.in پر جانا چاہتے ہیں، تو جیسے ہی آپ براؤزر میں اس لنک کو ڈالیں گے، آپ فوراً ہی سائبر محافظ کے ہوم پیج پر پہنچ جائیں گے۔ کیوں کہ ہم نے سرور کو ایسا ہی کہا ہے کہ جب کوئی صرف لنک لے کر آئے تو اسے ہوم پر لے جاؤ۔
یہ صرف ایک نارمل سا ویب سرور (Web Server) ہے جو ویب ریکویسٹ کو لیتا ہے، اور جو اسے کہا گیا اس کا (Response/جواب) دیتا ہے، سرور کی بہت سی قسمیں ہیں جو الگ الگ کاموں میں استعمال ہوتی ہیں۔
سرور کی قسمیں
ویسے تو سرور کی کئی قسمیں ہیں، جن کو الگ الگ کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے، لیکن جو عام ہیں یہاں ان کا تذکرہ کریں گے:
1۔ Web Server
: یہ ایک خاص قسم کا کمپیوٹر ہی ہوتا ہے، اس کا کام یہ ہوتا ہے کہ یہ براؤزر کی طرف سے آئی ریکوسٹ/مطالبہ کو مکمل کرتا ہے، اور رسپانس کو ویب پیج کی شکل میں براؤزر کی طرف بھیجتا ہے، جس سے آپ کا براؤزر آپ کو آپ کی ضرورت کا ڈیٹا دکھاتا ہے۔
2۔ File Server
: یہ لوکل سرور ہوتا ہے جو فائلوں کو اپنے پاس رکھتا ہے اور جب کوئی اس میں موجود فائلوں کو مانگتا ہے تو وہ اسے وہ فائل دیتا ہے، یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ لوکل سرور صرف لوکل ایریا نیٹورک (Local Area Network) میں کام کرتے ہیں، مطلب یہ کہ جیسے آپ کی ایک کمپنی ہے، اور اس میں کئی کمپیوٹر ایک ساتھ ملے ہوئے ہیں، تو اسے لوکل ایریا نیٹورک کہیں گے، تو ایسے میں فائلوں کو ایک سے دوسرے کمپیوٹر میں بھیجنے کے لیيَے اس سرور کا استعمال کیاجاتا ہے۔
3۔FTP Server
: یہ ایف ٹی پی File Transfer Protocol سرور بالکل File Server کی طرح ہی کام کرتا ہے، یعنی یہ بھی فائلوں کو اپنے پاس رکھتا ہے، بس فرق یہ ہے کہ آپ اس کی مدد سے فائلوں کو انٹرنیٹ پر کہیں سے بھی حاصل کر پاتے ہیں، اس کے لیے لوکل ایریا نیٹورک کی کوئی قید نہیں، یہ FTP پروٹوکول کا استعمال کرتا ہے۔
4۔ Email Server
: ای میل سرور کا استعمال ای میل کو بھیجنے کے لیے کیا جاتا ہے، جب آپ کسی کو ای میل بھیجتے ہیں، چاہے کسی بھی ایپ سے، GMAIL, OUTLOOK یا کوئی بھی میل کو بھیجنے کے لیے، یہ سبھی اسی ای میل سرور کا استعمال کرتے ہیں، اسے اصلاً SMTP
Simple Mail Transfer Protocol سرور کہتے ہیں، میں نے آسانی کے لیے اسے ای میل سرور کہا ہے۔
5۔ DNS Server
: اس سرور کا استعمال ڈومین نیم (Domain Name) کو آئی پی ایڈرس (IP Address) میں تبدیل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ پر جتنے بھی کمپیوٹر ہیں، سب کا ایک آئی پی ایڈرس ہوتا ہے، جس سے ہم اس سرور یا اس کمپیوٹر تک پہنچ پاتے ہیں، تو اب ہزاروں آئی پی ایڈرسز کو یاد رکھنا ممکن نہیں تو ہم اس کے لیے اسی ڈی این ایس سرور DNS SERVER کا استعمال کرتے ہیں، ڈی این اس سرور کو آپ انٹرنیٹ کی ڈائری سمجھ لیں، اس میں ہم آئی پی ایڈرس اور ڈومین نیم کو لکھ دیتے ہیں، جیسے
اس میں جو آئی پی ایڈرس (IP ADDRESS) ہے وہ اس سرور کا ایڈرس ہے جہاں ہم جانا چاہتے ہیں، لیکن اس آئی پی یا اس جیسی ہزاروں آئی پی کو یاد رکھنا ہمارے لیے ممکن نہیں، تو ہم ڈی این ایس سرور پر اس آئی پی کے ساتھ ڈومین نیم (Domain Name) کو لکھ دیتے ہیں، اب جیسے ہی کسی نے اپنے براؤزر پر اس ڈومین کو لکھا فوراً DNS سرور اس ڈومین نیم کو آئی پی ایڈرس میں تبدیل کرے گا، اور اس سرور تک جس کی یہ آئی پی ہے اسے بھیج دے گا۔
یہ ابھی کچھ سرورس کی اقسام ہیں، ابھی اور بہت سے ہیں لیکن یہاں رک جانا بہتر ہے! ؛)
سرور بنتا کیسے ہے؟
سرور بنانے کے لیے آپ کو کسی الہ دین کے چراغ کی ضرورت نہیں کہ جس کے اندر سے جن نکل کر آئے اور آپ کا سرور بنائے، آپ خود ہی اپنا سرور بنا سکتے ہیں، سرور ایک عام کمپیوٹر ہی ہے جیسا آپ اپنے روزانہ کی زندگی میں استعمال کرتے ہیں، بس ہم اس کمپیوٹر کو سرور کے لیے خاص کر دیتے ہیں اور بس یہی سرور کہلاتا ہے، اس وقت آپ کے پاس جو بھی ڈیوائس موجود ہو فون یا لیپ ٹاپ کچھ بھی آپ اسے ایک سرور بنا سکتے ہیں، یہ بالکل ایک پاورفل سرور تو نہیں ہوگا جو ہزاروں اور لاکھوں ریکوسٹس کو ایک ساتھ سنبھال سکے لیکن پھر بھی یہ ایک مخصوص حصہ کو بآسانی سنبھال سکتا ہے، جیسے دیکھئے، میں نے اپنے روزانہ استعمال ہونے والے کمپیوٹر کو ایک سرور کی شکل دے دی، یہ ایک وقتی سرور ہے، جیسے ہی میں نے اپنے کمپیوٹر کو بند کیا یہ سرور بند ہو گیا۔
یہ بالکل ایک مکمل سرور تو نہیں لیکن اس ویب سائٹ کو بنانے میں، میں نے اسی سرور کا استعمال کیا ہے۔
جو طاقتورسرورس ہوتے ہیں جیسے گوگل، مائکروسوفٹ وغیرہ کے تو ان کو سیکنڈوں میں ہزاروں لاکھوں ریکوسٹ کو سنبھالنا ہوتا ہے، تو اس وجہ سے ان کے سرورس بھی جلاد قسم کے ہوتے ہیں، جو چیزیں آپ کے کمپیوٹر میں لگتی ہیں وہی ساری چیزیں سرور میں بھی لگتی ہیں جیسے
NAME | FULLFORM |
---|---|
RAM | Random Access Memory |
CPU | Central Processing Unit |
HDD/SSD | Hard Disk Drives/ State Solid Drives |
NIC | Network Interface Card |
PSY | Power Supply Unit |
MB | Mother Board |
OS | Operating System |
PM | Power Management |
یہ وہی سب چیزیں ہیں جو آپ کے کمپیوٹر اور ڈیسک ٹاپ میں لگتی ہیں، بس ان سب کو سرور کے لیے خاص کر دیا جاتا ہے، اور ضرورت کے حساب سے اس میں چیزیں کم اور زیادہ کی جاتی ہیں۔
ان سب کو ہارڈ ویئر (HardWare) بولا جاتا ہے، اب اس کے بعد کچھ سافٹ ویئر (SoftWare) کی بھی ضرورت پڑتی ہے، جو اصل میں چیزوں کو سرو کرنے کا کام کرتے ہیں، دو ویب سرور جو سب سے زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں ایک ہے، APACHE ویب سرور اور دوسرا ہے NGINX یہ دونوں مفت اور اوپن سورس ہیں ان کے علاوہ اور بھی بہت سارے ہیں، لیکن ان دونوں کو سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
سرور کہاں کہاں استعمال ہوتا ہے؟؟
اصلاً یہ کوئی سوال ہی نہیں، کیوں کی بغیر سرور کے آپ انٹرنیٹ کا گمان بھی نہیں کر سکتے، آپ سب لوگ روزانہ گوگل کا استعمال تو کرتے ہی ہوں گے، اگر سرچ کرنے کے لیے نہ بھی کریں، تو اس کی میل، یوٹیوب، گوگل ڈرائیو، ان سب کا استعمال تو کرتے ہی ہوں گے، ان سب کا ڈیٹا کہاں محفوظ ہوتا ہے؟؟ اور جب آپ ریکوسٹ کرتے ہیں تو وہ ریکوسٹ کس کے پاس جاتی ہے؟؟ یقنیا سرور کے!
آپ وٹس ایپ، ٹیلی گرام، ٹویٹر پر میسیج بھیجتے ہیں، تو آپ کا میسیج سامنے جانے سے پہلے کس پر جاتا ہے؟؟ یقیناً سرور پر! آپ مدرسے کا، سرکاری، پرائیویٹ جو کام بھی آنلائن کرتے ہیں، آپ کو کیا لگتا ہے، بغیر سرور کے یہ ممکن ہے؟؟؟ ہر گز نہیں، یہ بس کچھ مثالیں ہیں، جو میں نے آپ کو دی ہیں۔
تو اب آپ بتائیں کہ اگر کچھ منٹوں کے لیے ہی سہی اگر کسی بڑی کمپنی کا سرور بند ہوا تو آدھی سے زائد دنیا ٹھپ پڑے گی یا نہیں؟؟
اپنا سرور لگانا
ان سب کا استعمال کر آپ اپنا خود کا سرور بھی لگا سکتے ہیں، جس سے آپ اپنی من پسند چیزوں یا کام کو لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں، اگر آپ کا کوئی کاروبار ہے تو آپ اپنے کاروبار کو آنلائن ایک سرور پر رکھ کر اسے ویب سائٹ کی مدد سے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں، ایسے ہی اگر آپ کا کوئی مدرسہ ہے، اور آپ لوگوں کو اس میں موجود خصوصیات کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں، تو آپ اپنا ایک سرور سیٹ اپ کریں اور ویب سائٹ کی مدد سے لوگوں کو بتائیں، جیسے مجھے بلاگ لکھنا پسند ہے، تو میں نے ایک سرور سیٹ اپ کیا اور اس پر اپنے بلاگ کو رکھ دیا، جس سے آپ بآسانی کسی بھی وقت میرے بلاگ کو پڑھ سکتے ہیں جیسے ابھی پڑھ رہے ہیں! ؛)
سرور کا مطلب ہے یہ لگاتار ہر وقت چلتا رہے، لیکن سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہم اپنے کمپیوٹر پر اپنا سرور لگاتار کیسے چلا سکتے ہیں؟؟ اگر ہم اسے اپنے کمپیوٹر میں چلائیں اور ہمارا کمپیوٹر بند ہو گیا تو؟؟ اور ہمارا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ اتنا طاقتور نہیں ہے کہ یہ مہینوں درمہینوں لگاتار چل سکے۔ آپ کو سرور اپنے کمپیوٹر پر چلانے کی ضرورت بھی نہیں، میں نے اوپر بس آپ کو مثال دینے کے لیے اپنے کمپیوٹر کو وقتی سرور بنایا تھا، اگر آپ اپنا خود کا سرور چلانا چاہتے ہیں جو لگاتار سالہا سال چل سکے تو آپ آن لائن سرور کرائے پر لے سکتے ہیں، جو بڑی بڑی کمپیناں ہیں جیسے گوگل، امازون، مائکروسوفٹ یہ اپنے سرور کو کرائے پر دیتی ہیں، مطلب ان کمپنیوں کے پاس بہت سارے بڑے بڑے کمپیوٹرس ہوتے ہیں اور اسی کمپیوٹر کو یہ کرائے پر دیتی ہیں، جس سے لوگوں کو اپنا سرور نہ لگانا پڑے اور انکو کسی پریشانی کا سامنا بھی نہ ہو، یہ کمپناں جو سرور دیتی ہیں وہ محفوظ، اپڈیٹڈ اور سالہا سال چلنے والی ہوتی ہیں، آپ اپنی ضرورت کے مطابق ان سرور کی خدمات خرید سکتے ہیں۔
سرور کی دیکھ بھال
دنیا میں ہر چیز کی دیکھ بھال ضروری ہے، اگر چیزوں کی دیکھ بھال نہ کی جائے تو ایک وقت کے بعد وہ ختم ہو جاتی ہیں، ویسے ہی جب آپ اپنا سرور چلاتے ہیں، تو اس کی دیکھ بھال کرنا بھی ضروری ہے، ورنہ آپ کا سرور ایک غبارے کی طرح ختم ہو جائے گا، سرور کی دیکھ بھال سے مراد ہے، اسکو ہشاش بشاش رکھنا، ریکوسٹ پر نظر رکھنا کی کتنے لوگ آ رہے ہیں، اگر لوگ زیادہ آ رہے ہیں، اور آپ کا سرور لوڈ کو نہیں اٹھا پا رہا تو اپنے سرور کے ہارڈ ویئر کو اپگریڈ کرنا، اگر کوئی سافٹ ویئر کا اپڈیٹ آیا ہے تو اسے اپڈیٹ کرنا، آپ جو سافٹ ویئر استعمال کر رہے ہیں، اس میں کوئی ایسا بگ (کمزوری) تو نہیں جس سے حملہ آور آپ کے سرور کو اپنے قابو میں کر لیں ان سب چیزوں کو دیکھنا وغیرہ وغیرہ
اگر آپ کے سرور میں کوئی کمزوری ہے جس سے حملہ آور آپ کے سرور تک پہنچ گیا، تو وہ آپ کے سرور کو اپنے استعمال میں لے آئے گا، اور آپ کو پتا بھی نہیں چلے گا، اورممکن ہے وہ آپ کے سرور پر موجود ساری فائلوں کو انکرپٹ کر دے اور آپ سے تاوان مانگے، اس لیے اگر آپ نے اپنا سرور خریدا ہے تو اسکی حفاظت سب سے ضروری ہے۔
حرف آخر
امید ہے اس سے آپ کو سرور کیا ہے اور اس سے متعلق کافی کچھ جاننے کو ملا ہوگا، اگر آپ کا کوئی سوال ہو تو ہمارے ٹیلی گرام گروپ ضروری معلومات پر سوال کر سکتے ہیں، اور اگر پرسنل پر رابطہ کرنا چاہیں تو میرے ٹیلی گرام سیف پر کر سکتے ہیں۔